لسبیلہ بس حادثہ، تحقیقات میں پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کے شواہد نہیں ملے، سیکرٹری ٹرانسپورٹ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی ظفر کبدانی نے کہا ہے کہ بیلا بس حادثے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اب تک کی تحقیقات میں سانحہ میں پیٹرول یا ڈیزل کی سمگلنگ کے شواہد نہیں ملے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی ٹی اے دیگر ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ڈرائیوروں کی روز مرہ کے مطابق معائنہ کرتی ہے ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کوچ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے لسبیلہ انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے تحقیقات میں کوچ حادثے کے اصل محرکات کا تعین اور مستقبل میں ایسے حادثات کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائینگے انہوں نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونیوالے مسافروں کے بیانات میں دوران سفر ڈرائیور کی آنکھ لگ جانے کا امکان سامنے آرہا ہے آج صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا عملہ جائے وقوعہ کا دورہ کریگا ڈرائیور کی جانب سے غفلت کی تصدیق ہونیکی صورت میں کمپنی مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا اور جرمانے کے ساتھ مذکورہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے روٹ پرمٹ بھی کینسل کئے جائینگے محکمہ کی کوشش ہے کہ ایسے حادثات کے تدارک کو ممکن بناتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔


