خودکش حملہ آور اندر کیسے داخل ہوا، وزیراعظم کی آئی جی پولیس پر برہمی، رپورٹ طلب
پشاور (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خودکش دھماکے پر آئی جی خیبر پختونخوا (کے پی) پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 44 ہوگئی ہے جبکہ 140 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ دھماکے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر پشاور پہنچے، انہوں نے لیڈی ریڈنگ اسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پولیس لائنز مسجد میں دھماکے پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری سے استفسار کیا کہ خود کش حملہ آور کیسے پولیس لائنز میں داخل ہوگیا ؟ پولیس لائنز میں داخلے کا ایک ہی گیٹ ہے، حملہ آور کہاں سے آیا؟ آئی جی معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ پولیس لائنز میں فیملی کوارٹرز بھی ہیں، کیا پتہ حملہ آور کہاں سے آیا اور کیسے داخل ہوگیا؟ ہوسکتا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی اندر ہی رہ رہا ہو، تحقیقات کررہے ہیں کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور حملہ آور کیسے داخل ہوا؟


