تخریب کاری اور مہنگائی کا ذمہ دار میں نہیں 30 سال سے اقتدار میں رہنے والے ہیں، عمران خان
لاہور (انتخاب نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ میں ملک میں تخریب کاری اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہوں، حکومت میں ہوتا تو میں جواب دہ ہوتا۔ لاہور میں کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور حملے پر افسوس ہے، تفتیش سے پہلے گورنر نے الیکشن ملتوی کرنے کا خط کیسے لکھ دیا؟ افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات کرانے میں سہولت کاری کی، امریکیوں کے انخلا پر افغانستان میں خانہ جنگی کا خطرہ تھا، افغانستان میں خانہ جنگی ہوتی تو پاکستان پر متاثر ہوتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ سے کوئی اختلافات نہیں تھے، ہم ایک پیج پر تھے، باجوہ اور میرے ایک پیج پر ہونے سے بہت سے اچھے اچھے کام ہوئے، توسیع ملنے کے بعد باجوہ نے کہا احتساب سے پیچھے ہٹ جاﺅ، باجوہ نے مخالفین کو این آر او دینے کا کہا تو میں نے منع کردیا، باجوہ سے دوسرا اختلاف جنرل فیض کے مسئلے پر ہوا، افغان بے امنی کے اثرات کا خدشہ تھا، اس لیے فیض کو عہدے پر رکھنا چاہتا تھا، 30 سے 40 ہزار فائٹرز افغانستان میں تھے، فیصلہ ہوا کہ فورسز اور ارکان اسمبلی طے کریں گے کہ فائٹرز کو پاکستان میں سیٹل کیسے کرنا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ملک میں تخریب کاری اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہوں، آج میری حکومت ہی نہیں تو میں ذمہ دار کیسے ہوسکتا ہوں، برے حالات کی ذمہ داری میری حکومت سے پہلے 30 سال سے اقتدار میں رہنے والوں پر ہے، میں حکومت میں ہوتا تو میں جواب دہ ہوتا


