ایف بی آر کا اپنے افسران کو عوام کے ٹیکسز سے بھاری مراعات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے پوائنٹ آف سیل فیس سے حاصل ہونیوالے ریونیو سے اپنے افسران کو بھاری الاؤنسز و مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔پوائنٹ آف سیلز فیس کی مد میں اکٹھا ہونے والے ریونیو سے ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کیلئے آئی ای آر ایس کامن پول فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نجی نیوزکے مطابق اس فنڈ کو 25 ہزار سے 35 ہزار روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ سبسڈی،افسران کیلئے ان لینڈ ریونیو میس قائم ہوگا جس کیلئے ایک بار 30 لاکھ روپے تک کے آلات و سامان خریدے جاسکیں گے، جبکہ تین لاکھ روپے ماہانہ تک کا کرایہ،ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک یوٹیلٹی بلز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک پرائیوٹ طور پر بھرتی کئے جانیوالے اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے فراہم کئے جائیں گے۔دوران سروس شہید ہونیوالے ان لینڈ ریونیو کے اہلکاروں و افسران کے ورثاء کو پندرہ لاکھ روپے سے 75 لاکھ روپے تک کا امدادی پیکج دیا جائے گا۔نجی نیوز کے مطابق دستیاب دستاویز فیڈرل ورڈ آف ریونیو کی جانب سے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم مارچ 2023 سے ہوگا ان رولز کے تحت آئی آر ایس کامن پُول فنڈ رولز 2.023 جاری کئے گئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ پی او ایس فیس، سروس چارجز، گرانٹس، منافع کے فنڈز ذاتی فلاح پر خرچ ہوں گے۔ہیڈ کوارٹر سپورٹ کے نام پر ماہانہ 40 ہزار روپے تک الاوٴنس ملے گاعارضی رہائش کیلئے 30 لاکھ تک کا سامان خریدنے کی اجازت ہوگی، سینئر افسران کو رہائش گاہ کا ماہانہ 3 لاکھ تک کرایہ بھی دیا جائے گا۔ہاوٴس رینٹ سبسڈی، فیول سبسڈی، بچوں کی تعلیم کیلئے اسکالر شپ بھی ملے گا ۔ رولز کے مطابق کامن پول میں جمع ہونے والے ریونیو کا 90 فیصد خرچ کیا جاسکے گا ۔رولز میں بتایا گیا ہے کہ ان لینڈ ریونیو ریوارڈ رولز 2021 کے تحت تقسیم ہونے والے انعامات و ریوراڈ سے بھی شیئر اس پول میں جمع کروایا جائے گا۔اسی طرح ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کی جانب سے منظور ہونے کے بعد موصول ہونے والی گرانٹ بھی اس کامن پول میں جمع ہوا کرے گی۔لینڈ ریونیو کامن پول فنڈ سے کی جانیوالی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع بھی اسی پول میں جمع ہوگا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ان لینڈ ریونیو سروس چارجز اور فیسوں کی مد میں حاصل ہونے والا ریونیو بھی اسی کامن پول میں جمع ہوگا دستاویز کے مطاباق ایف بیا ٓر ہیڈ کوارٹر میں آئی آر ایس کامن پول فنڈ سیکرٹریٹ اور بورڈ قائم ہوگا ۔آئی آر ایس کامن پول فنڈ بورڈ کا سربراہ و چیئرمین ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن ہوگا جبکہ دیگر بورڈ ممبران میں ممبر اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹ،چیف ان لینڈ ریونیو آپریشن،چیف مینجمنٹ ہیومن ریسورس مینجمنٹ آئی آر اور ان لینڈ ریونیو سروس سے کوئی ایک گریڈ بیس کا افسر شامل ہوگا اور یہی افسر بورڈ کے سیکرٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے گا اور یہ بورڈ مجموعی طور پر آئی آر ایس کامن پول فنڈ کی گورننگ باڈی کے طور پر کام کرے گا۔اس کے علاوہ آئی آر ایس کامن پول فنڈ کیلئے ہونے والی کلکشن کی نگرانی بھی یہی بورڈ کرے گا یہی بورڈ پالیسیاں جاری کرے گا ،ایس او پیز کی منظوری دے گا اور پول فنڈ کی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے سرگرمیوں اور پروسیجرز کی بھی منظوری دے گا۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کامن پول فنڈ میں موجود رقم کا نوے فیصد خرچ کیا جاسکے گا جبکہ سالانہ ریونیو کا باقی ماندہ دس فیصد کامن پول فنڈ کے قیام کی پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے انویسٹ کیا جائے گا۔دستاویز کے مطابق اس کامن پول فنڈ سے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ سترہ تا بائیس کے افسران کو بیس ہزار روپے سے چالیس ہزار روپے ماہانہ تک ہیڈ کوارٹرز سپورٹ الاونس فراہم کیا جائے گا جس میں گریڈ سترہ اور اٹھارہ کے افسران کو بیس ہزار روپے ماہانہ،گریڈ اُنیس اور بیس کے افسران کو تیس ہزار روپے ماہانہ جبکہ گریڈ اکیس اور بائیس کے افسران کو چالیس ہزار روپے ماہانہ ہیڈ کوارٹرز سپورٹ الاونس فراہم کیا جائے گا۔اس کے علاوہ گریڈ سترہ تا بائیس کے افسران کو ہاوس رینٹ سبسڈی بھی دی جائے گی جس کے تحت گریڈ سترہ اور اٹھارہ کے افسران کو 25ہزار روپے ماہانہ،گریڈ اُنیس اور بیس کے افسران 30 ہزار روپے ماہانہ جبکہ گریڈ اکیس اور بائیس کے افسران کو 35 ہزار روپے ماہانہ ہاوس رینٹ سبسڈی بھی دی جائے گی دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ گریڈ سترہ اور اس سے زائد گریڈ افسران کیلئے آئی آر ایس آفیسرز میس قائم کیا جائے گا اس میس کیلئے ایک بار ضروری اشیاء اور آلات کی خریداری کیلئے تیس لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے جبکہ تین لاکھ روپے ماہانہ تک کا کرایہ،ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک یوٹیلٹی بلز کی مد میں اور ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ تک پرائیوٹ طور پر بھرتی کئے جانیوالے اسٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگیوں کیلئے فراہم کئے جائیں گی۔اسی طرح اس کامن پول سے گریڈ سات تک کے ملازمین کے ایک ایک بچے کو تعلیم کیلئے سالانہ وظائف دیئے جائیں گے جس کے تحت سیکنڈری سکول سے ہائر سکینڈرک سکول تک میں تعلیم کیلئے پچیس ہزار روپے،ہائر سیکنڈری سکول سے گریجوایشن تک کی تعلیم کیلئے تیس ہزار روپے اور پوسٹ گریجوایٹ کی تعلیم کیلئے پچاس ہزار روپے سالانہ اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔اسی طرح دوران سروس شہید ہونیو الے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ ایک تا بائیس کے ملازمین و افسران کے ورثا کو مالی امداد فراہم کی جائے گی جس میں گریڈ ایک تا چار کے اہلکاروں کے ورثا کو ر پندرہ لاکھ روپے،گریڈ پانچ تا نو کے اہلکاروں کو بیس لاکھ روپے،گریڈ دس تا پندرہ کے ملازمین کے ورثاء کو پچیس لاکھ روپے،گریڈ سولہ کے اہلکاروں کے ورثاء کو تیس لاکھ روپے،گریڈ سترہ اور اٹھارہ کے افسران کے ورثاء کو چالیس لاکھ روپے،گریڈ انیس اور بیس کے افسران لے ورثاء کو پچاس لاکھ روپے جبکہ گریڈ اکیس اور بائیس کے افسران کے ورثاء کو 75 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔اسی طرح گریڈ سات کے اہلکاروں کو ایک بچے کی شادی کیلئے ایک لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی گریڈ سات تک کے ملازمین کو دوران سروس فوت ہونے پر کفن دفن کے اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے فوت ہونیو الے گریڈ سات کے ملازمین کی بیواوں کو ایک مرتبہ کیلئے ایک لاکھ روپے کی امداد فراہم کی جائے گی اسی طرح ان لینڈ ریونیو کے تمام کیڈر اور نان کیڈر ملازمین کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی اس کامن پول فنڈ کا سیکرٹریٹ بھی ایف بیا ٓر ہیڈ کوارٹر میں قائم ہوگا اس سیکرٹریٹ کے اخراجات بھی کامن پول فنڈ سے ہی کئے جائیں گے اس سیکرٹریٹ میں تعینات ہونے والے چیف آئی آر ایس کامن فنڈ پولکو ماہانہ بیس ہزار روپے الاونس دیا جائے گا جبکہ سیکرٹریٹ میں تعینات کئے جانیو الے گریڈ سترہ اور اٹھارہ کے افسران کو پندرہ ہزار روپے ماہانہ اور دوسرے سٹاف کو آٹھ ہزار روپے ماہانہ الاونس فراہم کیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں