پنجگور میں کسٹم انٹیلی جنس آفس کا قیام کاروباری حضرات کو تنگ کرنا ہے، جے یو آئی

پنجگور (انتخاب نیوز) جمعیت علماءاسلام کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم بلوچ، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالعزیز بلوچ اور کابینہ کے اراکین نے اپنے بیان میں کہا کہ مکران ڈویژن سے وابستہ کاروباری حضرات کو کسٹم سمیت دیگر اداروں کی جانب سے بلاوجہ تنگ کرنا اور ان کے لئے مشکلات پیدا کر نا ظلم کی انتہا ہے جسکی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جمعیت علماءاسلام کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خضدار میں کسٹم آفس کھولنا اور اس کو ایف بی آر بلوچستان کے بجائے سندھ سے منسلک کرنا انتہائی زیادتی ہے، پنجگور میں کسٹم انٹیلی جنس آفس قائم کرنا کاروباری حضرات کو بلاوجہ تنگ کرنے اور ان کے مشکلات میں اضافہ کرنے کا منصوبہ ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہوئے سابقہ طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور سمیت مکران ڈویژن ملک کے پسماندہ ترین علاقوں میں شامل ہیں جہاں کے غریب عوام زندگی کے تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اس کے باوجود کاروباری شخصیات قانونی طریقے سے اپنا کاروبار کرتے ہوئے سالانہ اربوں روپے کا ٹیکس سرکار کے خزانے میں جمع کرتے ہیں ان کاروباری شخصیات کی بدولت ہزاروں غریب لوگوں کو روزگار میسر ہیں جن کے گھروں کے چھولے بمشکل جلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکران کے کاروباری حضرات بنیادی حقوق سے محروم ہیں ان کیلئے نہ سڑکوں کی سہولت موجود ہیں نہ ان کے جان ومال کی حفاظت کیلئے حکومت سنجیدہ ہے وہ اپنی مدد آپ کے تحت مختلف مشکلات اور مسائل سے گزر تے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مکران کے کاروباری حضرات کو تنگ کرنے اور ان کے کاروبار کو قدغن لگانے کا نوٹس لیں۔ بصورت دیگر ہم اپنے کاروباری شخصیات سے ملکر بھرپور احتجاج کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں