بلوچستان حکومت کی جانب سے چاغی میں انتہائی غریب خاندانوں میں مویشیوں کی تقسیم

کوئٹہ:چاغی میں بلوچستان حکومت کے منصوبے بلوچستان لائیولی ہوڈ اینڈ انٹرپنیورشپ پروگرام (بی ایل ای پی) کے تحت انتہائی غریب خاندانوں میں مویشیوں کی تقسیم شروع کردی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی علی رضا کھوسہ نے تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا جبکہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹری ڈاکٹر سعید بلوچ کی نگرانی میں مویشیوں کی ویکسینیشن کی گئی جبکہ انہوں نے تقسیم کے عمل کی نگرانی بھی کی۔ بی ایل ای پی چاغی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آفتاب بلوچ کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی اس پراجیکٹ کے تحت 437 انتہائی غریب افراد بشمول 335 خواتین کو مویشی، 20 انتہائی غریب خواتین کو سلائی مشینیں، اور پانچ چھوٹے دکانداروں کو تقریبا ایک لاکھ روپے کی مدد دی جائے گی جس کا مقصد غریب خاندانوں کی مدد کرکے انھیں معاشی طور پر مستحکم ہونے میں مدد دینا ہے۔ ان کے مطابق ان تمام افراد کا انتخاب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سروے سے کیا گیا۔ ان کے مطابق اس سرگرمی کا نام لائیولی انویسٹمنٹ پلان ہے۔ ان کے مطابق انتہائی غریب خاندانوں کے افراد کی معاونت کا عمل انتہائی شفاف اور منظم طریقے سے جاری ہے جس کو ہر سطح پر مانیٹر بھی کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں