افغان حکومت نے ڈالر کی اسمگلنگ کی خبروں کے بعد کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک ) افغان حکومت نے پاکستان سے افغانستان میں ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق خبروں کے بعد کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا، جس کے تحت زرمبادلہ کو بغیر اجازت ملک میں لانے پر پابندی ہوگی۔ امریکی جریدے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پاکستان سے یومیہ 50 لاکھ ڈالرز افغانستان اسمگل کیے جارہے ہیں۔ ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق خبروں کے بعد افغان حکومت نے افغانستان میں کرنسی کنٹرول آرڈر جاری کردیا۔ افغان حکومت کے مرکزی ترجمان کی جانب سے جاری حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ ملکی ایئر پورٹس کے ذریعے5000 ڈالرز سے زیادہ اور زمینی راستوں سے زیادہ سے زیادہ 500 ڈالرز لانے کی اجازت ہوگی۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 10 لاکھ ڈالر اسمگلنگ کی سزا ایک سال قید اور ایک لاکھ ڈالر جرمانہ ہوگا، اسی طرح ایک لاکھ ڈالر اسمگل کرنے کی سزا ایک ماہ کی قید ہوگی جبکہ اس سے کم مالیت کے ڈالرز اسمگل کرنے پر 10 دن جیل کاٹنا ہوگی۔ حکومت نے افغانستان سے قیمتی نوادرات، بیش قیمت پتھر اور سونا لے جانے پر بھی پابندی لگادی ہے اور خلاف ورزی پر رقم اور نوادرات ضبط کرلیے جائیں گے۔


