لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 90 روز میں کرانے کا حکم دیدیا
لاہور (انتخاب نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دے دیا۔ پنجاب اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کا اعلان کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ مختصر فیصلے میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کا اعلان کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتی ہے، الیکشن کمیشن آئین میں دی گئی مدت کے اندر الیکشن کا اعلان کرے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئین میں الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانے کا اختیار ہے، پینمبرا ڈاکٹرائن کے تحت آئین کی کسی ایک شق کو اکیلے نہیں پڑھنا چاہیے، اس ڈاکٹرائن کے تحت سیاق و سباق اور آئین کے اصولوں کو مکمل دیکھنا چاہیے، الیکشن کمیشن کی الیکشن کی تاریخ دینے کی ذمے داری پینمبرا کے تحت آئین اور الیکشن قوانین کے مطابق ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کیلئے فوری الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے، الیکشن کمیشن گورنر سے مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے، یقینی بنایاجائےکہ آئین میں دی گئی 90 دن کی مدت سے تجاوز نہ ہو۔ یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئین میں الیکشن کمیشن کو انتخابات کرانےکا اختیار ہے۔ تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ آرٹیکل 224 ٹو میں یہ نہیں لکھا کہ اگر اسمبلی خود تحلیل ہوجائے تو تاریخ دینے کا اختیار کسے ہے، اسی لیے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو دیکھنا ہوگا، آرٹیکل 218 تھری کے تحت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، آرٹیکل 219 ڈی کے تحت قومی وصوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کرانے کا چارج الیکشن کمیشن کے پاس ہے، کسی فریق نے انکار نہیں کیا کہ آئین میں الیکشن کرانے کی مدت 90 دن ہے، اختلاف الیکشن کی تاریخ دینے پر ہے۔


