کوئٹہ میں مہنگائی بے قابو، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز عوام کو لوٹنے لگے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے اضافے کے بعد ساڑھے 600 روپے فی کلو گوشت فروخت ہورہا ہے اس کے علاوہ کھانے پینے کی دیگر چیزوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہونے سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہے کوئٹہ میں گزشتہ تین ماہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جس کی بڑی وجہ خوراک اور دیگر اخراجات میں بے تحاشا اضافہ ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے شہریوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہے اور خریداری کم ہونے کی وجہ سے دکاندار بھی پریشان ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کھانے پینے کی چیزوں ، سبزیوں، پھلوں، آٹے سمیت دیگر ضروریات کی چیزوں میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹی اور علاقہ مجسٹریٹ گراں فروشی اور مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے گراں فروش اور ذخیرہ اندوز شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹی اور علاقہ مجسٹریٹ کو چاہئے کہ وہ گراں فروشی روکنے کے لئے کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کو دکانوں پر آویزاں کرواکر مقرر کردہ ریٹ پر اشیاخوردونوش اور کھانے پینے کی چیزوں کی فروخت کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں