مریم نواز کو اپنے خاوند کی گفتگو کا صدمہ لگا ہوا ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف ،فرخ حبیب نے مریم نواز کی گفتگوپردعمل میں کہا ہے کہ مریم نواز کو اپنے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کی گفتگو کا صدمہ لگا ہوا ہے،کیپٹن(ر)صفدر نے یہ بھی کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ایکسٹینشن پر ووٹ دیتے ہی ختم ہو چکا تھا،جھوٹ کو شرم آ سکتی ہے لیکن مریم صفدر کو شرم نہیں آسکتی۔حکمران اس قدر نالائق ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے،کہا گیا کہ ملک میں مہنگائی ختم کرنے آئے ہیں،ایک روپے قیمت بڑھنے سے میاں صاحب کا دل روتا ہے،کیا بدترین مہنگائی کے بعد اب میاں نواز شریف کا دل نہیں روتا؟فرخ حبیب نے کہا کہ ملک میں 10 ماہ میں پٹرول کی قیمت سو فیصد بڑھا دی گئی ہے،عوام پریشان ہے۔امپورٹڈ حکومت نے آئی ایم ایف کے پاؤں پکڑے ہیں،ملک میں مزید مہنگائی ہونے جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مریم نواز ادھر ادھر کی باتیں کرنے اور عمران خان پر الزام تراشی کی بجائے عوام کو جواب دیں۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں برآمدات، ترسیلات زر اور مجموعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا تھا،ہمارے دور میں ملک میں انڈسٹری ترقی کر رہی تھی کسان کی جیب میں 2600 ارب روپیہ اضافی گیا تھا۔فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم کے دور میں ڈالر نے اپنی سنچری مکمل کر لی ہے،اسحاق ڈار کو لانے کا تجربہ ناکام ہو گیا،اسحاق ڈار کی نااہلیوں نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے،قوم سے معافی مانگنے کی بجائے مریم نواز ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہی ہیں، عوام نون لیگ کا بیانیہ بری طرح مسترد کر چکے ہیں،انکی سیاست دفن ہو چکی۔پی ڈی ایم کے چور رسوائی کے ڈر سے الیکشن سے بھاگنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کو فوری انتخابات کروانے کا حکم دیا،عمل درآمد ہونا چاہئے،انتخابات میں پتہ چل جائے گا پی ڈی ایم کی اوقات کیا ہے،عوامی ردعمل آئے گا،ملک میں مہنگائی کا 50 سالہ ریکارڈ توڑنے والوں سے عوام حساب ضرور لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں