انتہا پسند کسی کے نہیں، پشتون وطن میں ڈالر لے کر جنگ مسلط کی جارہی ہے، عوامی نیشنل پارٹی
کوئٹہ (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پشتون وطن میں امن کے قیام، وسائل پر اختیار ملنے تک پشتون اولسی پاسون کا یہ سلسلہ جاری رہیگا، پشتون اولسی پاسون عوامی نیشنل پارٹی کی انتہاپسندی سے متعلق موقف کی تائید ہے، انتہاپسند کسی کے نہیں، ریاست کو اسٹریٹجک ڈیپتھ کی پالیسی کو خیر باد کہنا ہوگا بصورت دیگر ملک دیوالیے پن کا شکار ہوکر رہ جائیگا۔ عوامی نیشنل پارٹی صد سالہ جدوجہد کا تسلسل ہے، یہ جہد فعال اور منظم تنظیم کی مرہون منت ہے ذمہ داران اور کارکن مستعد رہیں۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، ضلعی صدر جمال الدین رشتیا، ضلعی جنرل سیکرٹری نذرعلی پیر علی زئی، ضلعی ترجمان اخلاق بازئی، حمزہ کاکڑ، ملک سنگین مہترزئی، محمود ننگیال، زیت روان نے کچلاک کلی لنڈی ہیواد یونٹ کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ مقررین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی صد سالہ جدوجہد کا تسلسل ہے جو باچا خان کی بر پا کردہ انجمن اصلاح الافاغنہ اور خدائی خدمت گار تحریک سے پیوستہ ہے، اس پر خار راستے میں اکابرین سے لیکر کارکنوں تک نے جانوں کے نذرانے تو پیش کئے لیکن قومی مقدمے سے دستبردار نہیں ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا وطن پر انتہا پسندی کا فروغ دنیا جہان سے ڈالرز کے حصول کی خاطر مسلط کی جارہی ہے جس میں پشتون بطور ایندھن استعمال کیا جارہا ہے، پولیس سینٹر پشاور کی مسجد میں دھماکے میں سو سے زیادہ آفیشلز کا قتل امن دشمن قوتوں کا منصوبہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی پشتونوں کی نمائندہ قومی سیاسی جمہوری جماعت کی حیثیت سے پشتون وطن میں امن ترقی، خوشحالی کے قیام کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔


