کراچی، حملہ آور مبینہ عسکریت پسندوں کی شناخت ہوگئی
کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر حملہ کرنے والے تینوں عسکریت پسندوں کی شناخت ہو گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق خودکش دھماکا کرنے والے عسکریت پسندکا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہلاک تیسرےحملہ آور کی بھی شناخت کر لی، تیسرا حملہ آور دتہ خیل شمالی وزیرستان کا رہائشی تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے میں مارا گیا ایک تخریب کار لکی مروت کا رہائشی تھا۔بی ڈی ایس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والےتخریب کاروں کے جسم پر نصب 2 خودکش جیکٹس، 8 دستی بم اور 3 گرنیڈ لانچر ناکارہ حالت میں ملے، تخریب کاروں سے برآمد خودکش جیکٹس 8 سے 10 کلو وزنی تھیں۔علاوہ ازیں تخریب کار گاڑی نمبر alf 043 میں آئے جو محمد کامران نامی شہری کے نام سے رجسٹرڈ ہے، گاڑی رجسٹریشن کی تفصیل کے مطابق لانڈھی کے رہائشی کے استعمال میں تھی۔پولیس نے بھینس کالونی سے کار کے مالک کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔کار مالک کا کہنا ہے کہ اُس نے گاڑی شوروم پر فروخت کی تھی، وہاں سے کسے بیچی گئی؟ اس بارے میں وہ نہیں جانتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عسکریت پسندوں نے کراچی پولیس آفس پر حملہ کیا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔آپریشن کے دوران تین عسکریت پسند مارے گئے، جبکہ حملے میں 2 پولیس جوان اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔


