کراچی پولیس چیف آفس پر حملہ پاکستان کے سیکورٹی اداروں پر حملہ ہے، نواب ثنا اللہ

خضدار : پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سیکورٹی فورسز کو کراچی میں تخریب کاروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز، فوج کے بہادر سپوتوں نے جوانمردی کے ساتھ تخریب کاروں سے مقابلہ کرتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا اور وطن دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کواپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فوج، پولیس اور تمام سیکورٹی فورسز پر فخر ہے ہمارے اداروں نے ہر وقت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے کراچی پولیس چیف کے آفس پر بزدلانہ حملہ پاکستان کے سیکورٹی اداروں پر بڑا حملہ ہے اللہ پاک کا بڑا کرم ہے کہ انسانیت کے دشمن سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جلدی اپنی انجام کو پہنچ گئے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ اس آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے وہ جوان جو جاں بحق ہوئے ہیں ان کی جرأت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کو بڑے سانحہ سے بچایا۔ جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں