بلوچستان اسمبلی میں دانش اسکولز کا قانون منظور، 80 فیصد خرچ وفاق، 20 فیصد صوبائی حکومت کے ذمے
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سوا گھنٹے کی تاخیر سے قائمقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس میں بلوچستان دانش اسکول اینڈ سینٹر آف ایکسی لینس اتھارٹی کا مسودہ قانون 2023ءمنظور کرلیا گیا، مسودہ قانون صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے پیش کیا، ایوان نے بحث کے بعد بلوچستان دانش اسکول کا مسودہ قانون منظور کرلیا۔ قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ نے پوانٹ آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کیلئے جگہ کیسے حاصل کی جائیگی اور اسکولوں کی قیام پر کتنا خرچ آئے گا، صوبائی وزیر تعلیم نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کا 80 فیصد خرچ وفاقی حکومت اور 20 فیصد صوبائی حکومت اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کیلئے جگہ صوبائی حکومت خریدے گی۔ اسکول کے قیام کو ڈویژنل وائز کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اسکول کا پی سی ون دوبارہ بنایا جائیگا، محکمہ تعلیم نے اٹیچمنٹ پر پابندی لگا دی ہے۔


