دلی دور است، اسلام آباد جاکر میئر اور ڈپٹی میئر کا دفاع کروں گا، نواب ثنا اللہ
خضدار (انتخاب نیوز) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان نواب ثنااللہ خان زہری نے کہاہے کہ عمرہ ادائیگی کے بعد پاکستان پہنچتے ہی طبیعت کچھ ناساز ہوگئی ہے، موسمی بخار کی وجہ سے کچھ دن کراچی میں آرام کررہاہوں جس کی بنا سیاسی سرگرمیوں میں تعطل آیا، بہت جلد وہ اسلام آباد پہنچیں گے جہاں الیکشن کمیشن میں میئر اور ڈپٹی میئر کا دفاع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جو مینڈیٹ ملا ہے ہر حال میں اس کو قائم رکھنے کی کوشش ہوگی اور کونسلراں نے ہمارے اوپر جس انداز میں اعتماد کا اظہار کیاہے اس کی بہر صورت لاج رکھی جائے گے۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے حق میں ہی ہوگا کارکنان مطمئن رہیں اور میں جیالوں کو ایڈوانس میں ہی نوید سنارہوں کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ پیپلزپارٹی کے حق میں آنا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کے رولز کے تحت ہم جیت چکے ہیں جبکہ اسٹے آرڈر وقتی ہے اس پر شادیانے بجانا سیاسی ناپختگی اور کم فہمی کی علامت ہے۔اسٹے آرڈر کو لیکر ایک دوسرے کو طفل تسلیاں دینے والوں سے کہونگا کہ ہَن±وز دِلّی د±ور اَست۔ لہذا الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کریں جو ہماری کامیابی کی گواہی دے گی، الیکشن کمیشن کبھی بھی کسی کی خواہشات یا مطالبے پر اپنی قوانین و ضابطے سے نہ انحراف کرے گی اور نہ ہی آر او کے فیصلے کو یکسر کالعدم قرار دے گی کیونکہ جو ووٹ کاسٹ ہوئی ہیں اس کو دیکھ کر کوئی بھی صاحب عقل یہ نہیں کہ کہہ سکتاکہ رجیکٹڈ ووٹ درست ہے۔ آر او نے رولز کے تحت جو فیصلہ صادر کیا وہ روز روشن کی طرح واضح ہے اس میں کوئی مغالطہ نہیں سیاسی مخالفین کو سیاسی روا داری کا مظاہرہ کرکے ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کرنی چاہئے کیونکہ یہی لوگ تربت میں رجیکٹڈ ووٹ کی بنا کامیاب ہوگئیں ہیں لیکن وہاں تو تسلیم کرتے مگر یہاں میں نہ مانوں والی رٹ لگارہے ہیں ان کے حق میں ہو تو درست اور عین انصاف جبکہ ہمارے حق میں ہو تو ناانصافی، یہ کہاں کی منطق ہے یہ سوائے انا کے اور کچھ نہیں۔ پیپلزپارٹی بلوچستان اور جھالاوان کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھر رہی ہے، خضدار،قلات، شہید سکندرآباد اور مستونگ میں زبردست کامیابی اس بات کی دلیل ہے۔ اس سے خائف ہوکر نظریں چرانے سے کچھ نہیں ہوسکتا۔ مخالفین اب اپنی شکست کو تسلیم کرکے جمہوریت روایات کی پاسداری کریں۔


