پاکستان نے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، افغان حکام نے طور خم بارڈر بند کردیا

پشاور (این این آئی) افغان حکام کے حکام نے اسلام آباد پر اپنے وعدوں سے مکرنے کا الزام لگاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ایک اہم تجارتی اور سرحدی گزرگاہ کو بند کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق طورخم پر تعینات افغان حکام کے کمشنر کا کہنا تھا کہ سرحدی مقام کو سفری اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔طورخم میں افغان کمشنر مولوی محمد صدیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی، اس لیے قیادت کی ہدایت پر گیٹ وے کو بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے افغانستان کے لوگوں کو تجویز دی کہ وہ مشرقی صوبہ ننگرہار میں سرحدی گزرگاہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔افغان حکام کے عہدیدار نے یہ نہیں بتایا کہ اسلام آباد نے مبینہ طور پر اپنے کس عہد کی خلاف ورزی کی ہے، کچھ غیر مصدقہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ افغان حکام پاکستان میں علاج معالجے کے خواہشمند افغان مریضوں کی آمد و رفت پر غیر اعلانیہ پابندی سے ناراض ہیں۔اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی بیان اور رد عمل سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں