بارکھان سانحہ بلوچستان کے اقدرا و روایات پر بد نما داغ رہے گا، اے این پی
کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں ضلع بارکھان میں خاتون، دو بیٹوں سمیت تین مسخ شدہ لاشوں کی کنویں سے برآمدگی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بدقسمت صوبے کے طول وعرض میں گزشتہ کئی دہائیوں سے چارسو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں واقع ہوئی ہیں، بارکھان سانحہ انسانیت کے ماتھے، صوبے کے اقدرا و روایات پر بد نما داغ رہے گا۔ اندوہناک واقعے کا اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ، درد و کرب میں برابر کے شریک ہیں۔ خان محمد مری کے خاندان کے باقی ماندہ مغوی بچوں اور بچیوں کو باحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری کردہ صوبائی مذمتی بیان میں بارکھان کے انسانیت سوز و دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے کے طول وعرض سے اس قسم کی ناقابل بیان مظالم تواتر سے سرزد ہورہے ہیں، جو انسانیت کے ماتھے پر بد نما داغ ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی اس کے خلاف بھر پور آواز بلند اور اس کی مخالفت کرتی رہے گی۔


