ایران، گوادر پاور ٹرانسمیشن منصوبے کا افتتاح اگلے ہفتے ہوگا، 100 میگا واٹ بجلی میسر آئیگی

گوادر :ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نزیر بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ہفتے گوادر میں بجلی کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے 100 میگاواٹ کے ایران،گوادر پاور ٹرانسمیشن منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ اس منصوبے کے تحت گوادر کو ایران سے 100میگا واٹ بجلی میسر آئے گی۔ اس سلسلہ میں نیشنل ڈسپیچ کمپنی ،کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ،گوادر پورٹ اتھارٹی ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، چائنہ اوورسی پورٹ ہولڈنگ کمپنی سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ 100 میگاواٹ پاور پراجیکٹ کی فائنل ٹیسٹنگ کامیابی سے کر لی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے منصوبے کی نقاب کشائی کے بعد گوادر کو بجلی کی سپلائی کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ ایک ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف گوادر میں اپنے دورے کے دوران گوادر پورٹ پر کراس سٹفنگ کی پہلی سہولت کے منصوبے، گوادر پورٹ پر ڈریجنگ کے آغاز اور گوادر کے مستحق ماہی گیروں میں بوٹ انجنوں کے چیکس کی تقسیم کا بھی افتتاح کریں گے۔100میگا واٹ بجلی کی درآمد کے منصوبے میں 29 کلو میٹر طویل ڈبل سرکٹ 132 KV ٹرانسمیشن لائن گبد ریمدان (پاک ایران سرحد)کے قریب پاکستانی شہر کلاتو سے جیوانی گرڈ اسٹیشن تک بچھائی گئی ہے۔ جیوانی گرڈ سٹیشن سے گوادر گرڈ اسٹیشن تک 75 کلو میٹر طویل ڈبل ٹرانسمیشن لائن پہلے ہی بچھائی جا چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں