اگر مغل ظالم تھے تو تاج محل اور قطب مینار کو گرا کیوں نہیں دیا جاتا، نصیر الدین شاہ

ممبئی : بولی وڈ کی لیجنڈری اداکار نصیر الدین شاہ نے مغل بادشاہوں کو ظالم قرار دینے والے ہندوستانی افراد سے سوال کیا ہے کہ اگر مغل بادشاہ اتنے ہی ظالم تھے تو ان کی جانب سے تعمیر کیے گئے تاج محل، لال قلعہ اور قطب مینار کو گرایا کیوں نہیں جا رہا ؟مغل بادشاہوں نے ماضی میں قدیم ہندوستان پر حکومت کرکے اسے مغلیہ سلطنت قرار دیا تھا، ان کی بادشاہی پورے برصغیر پر تھی اور ان کی حکومت 1520 سے لے کر انگریزوں کے دور تک رہی۔مغلیہ سلطنت کی بنیاد ظہیر الدین بابر نے رکھی تھی جب کہ اسی سلطنت کے آخری بادشاہ بہادر شاہ ثانی تھی، جس کی حکومت انگریزوں اور برٹش انڈیا کمپنی نے ختم کی۔مغل بادشاہوں کی تاریخ پر زیادہ تر ہندوستان کے ہندو اور غیر مسلم لوگ تنقید کرکے مغلوں کو ظالم اور لٹیرے قرار دیتے رہے ہیں جب کہ غیر جانبدار تاریخ دانوں نے مغلیہ سلطنت کی روایات اور تاریخ پر مفصل لکھا ہے۔ حالیہ چند سال میں بھارت میں ہندوستان پر ماضی میں حکومت کرنے والے مسلمان بادشاہوں اور خصوصی طور پر مغلوں پر منظم انداز میں تنقید کرکے انہیں لٹیرا قرار دیا جا رہا ہے اور بولی وڈ میں مغلوں کو ظالم دکھانے کے حوالے سے متعدد فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں۔جلد ہی مغل دور پر بنائی گئی ایک ویب سیریز (تاج ڈیوائڈ بائے بلڈ) کو بھی زی فائیو پر ریلیز کیا جائے گا، جس میں نصیر الدین شاہ اکبر بادشاہ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں