ملازمین کو فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، بیوٹمز کور کمیٹی کا مطالبہ
کوئٹہ : بیوٹمز کور کمیٹی نے ملازمین کو فروری کے مہینے کی تنخواہیں نہ ملنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کو فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور جامعہ کے مالی بحران کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بیوٹمز ملازمین کی کور کمیٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس کٹھن دور میں ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر سے انہیں دہری مشکلات کا شکار ہرنا قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹمز ملازمین صوبے کے باقی یونیورسٹیز کے ملازمین کی نسبت کم الاﺅنسز اور تنخواہیں لینے کے باوجود فرض شناسی کا ادراک کرتے ہوئے یو نیورسٹی کو صوبے کی بہترین یونیورسٹی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں لیکن اس کے باوجود ایک ہی مالی سال میں دوسری مرتبہ ملازمیں تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ کور کمیٹی نے بیوٹمز انتظامیہ اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد از جلد ملازمین کے تنخواہوں کا مسلہ حل کیا جائے بصورت دیگر ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔


