پولیس اہلکاروں پر حملہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے سبی کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت و زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام دشمن اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ عوام اپنی فورسز کے ساتھ ہیں عوام دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔ شہدائکا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کر کے بلوچستان کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایسی تمام سازشوں کو عوام کے تعاون و حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔ ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ قوم کو اپنے جان نثاروں پر فخر ہے عوام کے جان و مال اور ملکی بقا کیلئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ ترجمان صوبائی حکومت نے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل سوار شخص بی سی ٹرک سے ٹکرایا جس سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اہلکار اپنی جانوں کی بازی ہار گئے۔ متعلقہ اداروں کے اہلکار مزید معلومات و شواہد اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں، تمام تر حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا، واقعہ کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی رپورٹ پیش کی جائے گی۔


