خاتون جج کو دھمکی کا کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایڈیشنل سیشن جج اسلام آبادزیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کی جانب سے دائر ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے عمران خان کو سوموار کے روز طلب کررکھا تھا تاہم ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استتثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تھانہ مارگلہ پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو 29مارچ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے۔عمران خان کی جانب سے دائر بریت کی درخواست پر 29مارچ کو بحث ہو گی۔


