جاوید میانداد گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ جاوید میانداد گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بچوں اور نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے تفصیلات کے مطابق گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اورگوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین نے جاوید میانداد سے کراچی میںان کی رہائش گا پر ملاقات کی، اس موقع پر گوادر کرکٹ اکیڈمی کے باصلاحیت جونیئر کھلاڑی مبین میرک بھی ان کے ہمراہ تھے۔پاکستان سمیت دنیا کے کئی نامور ٹیسٹ کرکٹرز کے آئیڈیل جاوید میانداد سے ملاقات میں حنیف حسین نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے قیام سمیت گوادر میں کرکٹ کے ٹیلنٹ اور مستقبل میں ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے سمیت دیگر امور پر تفصیل سے بریفنگ دی اس دوران حنیف حسین نے عظیم ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کوگوارد ، پسنی ،اورماڑہ ، جیونی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ویژن کے مطابق گراس روٹ لیول سے کرکٹ کو بھرپور انداز میں فروغ دینے کی دعوت دی اورگوادر کرکٹ اکیڈمی میں کھیلنے والے بچوں اور نوجوان کرکٹرز کو کوچنگ ٹپس دینے پر آمادہ کیا پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ جاوید میانداد نے حنیف حسین کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد ہی گوادر کا دورہ کرنے کا وعدہ کیااس موقع پرجاوید میانداد کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول پر محنت کرنا بہت ہی ضروری ہے ،میںگوادر کرکٹ اکیڈمی سمیت ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے حوالے سے اپنا کردار ضرور اداکروں گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے ضلع گوادر میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے پر گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حنیف حسین ، بانی چیئرمین عبدالحمید رشید ،سیکرٹری استاد اصغر حسین سمیت گوادر کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد سعید سمیت ان کے دیگر عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچا کر انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ بہت ہی ضروری ہے ،اعزای طور پر کام کرتے ہوئے گراس روٹ لیول سے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے والے لوگ ہی دراصل معاشرے کے ہیرو ہیں، کھیل اور کھلاڑی کی سر پرستی کے عمل سے ہی صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں