سرکاری دکانوں کا کرایہ بڑھانے کا فیصلہ ، ڈیزل ڈپو مالکان سے ٹیکسلیں گے ، میئر تربت
تربت(نمائندہ انتخاب ) میونسپل کارپوریشن تربت کی نومنتخب کونسلران کا تعارفی اجلاس زیر صدارت میئر میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی جمعہ کو کارپوریشن کے ہال میں منعقد ہوا جس میں تمام مرد، خواتین اور خصوصی سیٹوں پر منتخب کونسلرز نے شرکت کی، اجلاس کی کارروائی ڈپٹی چیئرمین نثار ملنگ نے چلائی، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد نومنتخب میئر بلخ شیر قاضی نے تعارفی خطاب کرتے ہوئے تمام ایوان کو منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ منتخب کونسلرز علاقے اور شہر کی بہتری کے لیے سیاسی تعصبات سے بالاتر ہوکر یکجا کام کریں گے کیونکہ یہ ہمارا اپنا شہر ہے اس پر جتنی منفی سیاست ہوگی اس کا نقصان شہر کو ہوگا، انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن تربت کے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں گزشتہ چار سالوں میں منتخب نمائندے نہ ہونے سے کارپوریشن کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن ایک بااختیار ادارہ ہے اس کے پاس بجٹ بنانے کے لیے ٹیکس اور دیگر مدات میں کئی ریسورسز ہوں گے جنہیں بروے کار لائیں گے، ان کاکہنا تھا کہ سرکاری پراپرٹی کی حفاظت ہماری زمہ داری ہے کارپوریشن کی جتنی دکانیں ہیں وقت کے مطابق ان کا کرایہ بڑھائیں گے، 2010ءلوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت دکان داروں اور شہر میں تجارت کرنے والوں سے ٹیکس لیں گے اس معاملے میں انجمن تاجران کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ ہم شہر کوبہتر سروس دے سکیں، ڈیزل ڈپو مالکان سے بھی ٹیکس لیں گے تاکہ ان کو بھی صحیح سروس دے سکیں کیونکہ بسا اوقات ڈپوز میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے ہیں ہمارے پاس فائر بریگیڈ کی کمی اور تربیت یافتہ فائر مین بھی نہیں ہے ٹیکس کی رقم یہاں خرچ کرکے ان کو بہتر سہولت دیں گے، انہوں نے کہاکہ سرکاری مونو منٹ اور سائن بورڈ پر جھنڈے وغیرہ لگانے سے سیاسی جماعتیں گریز کریں اس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے، جتنے پرائیویٹ بنک ہیں وہ لوکل گورنمنٹ کو ٹیکس ادا کریں تاکہ ان کی مدد سے شہر کی صورت حال کو بہتر بناسکیں۔ اجلاس کے دوران خان محمد جان گچکی اور طارق بابل نے بطور اپوزیشن نومنتخب چیئرمین کو مبارک باد پیش کی اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


