بنگلہ دیش میں تیز رفتار مسافر بس کو حادثہ، 17 افراد ہلاک،25 زخمی

ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش میں ایک تیز رفتار مسافر بس کے حادثے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اتوار کو ایک بس ہائی وے کی باڑ سے ٹکرانے کے بعد سڑک سے کھائی میں جا گری۔ پولیس کے مطابق حادثے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا جب مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے وہ گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور بس حال ہی میں بنائے گئے بڑے ایکسپریس وے کی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ تیز رفتار بس ہائی وے کی باڑ کو توڑتی ہوئی 30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ مقامی پولیس سربراہ مسعود عالم نے جنوبی ضلع شیبچر میں ہونے پیش آنے والے حادثے کے بعد بتایا کہ اس میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو علاقے کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔ بنگلہ دیش میں پرانی اور خراب گاڑیوں اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ ناقص تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی وجہ سے سڑک حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ ہائی وے ایکسیڈنٹ مانیٹر کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ سال سڑک حادثات میں ریکارڈ نو ہزار 951 افراد ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں