چاغی میں بڑھتی مہنگائی، بے امنی اور افغان مہاجرین کی یلغار کیخلاف نیشنل پارٹی کا احتجاجی مظاہرہ
دالبندین (آن لائن) نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے زیراہتمام دالبندین سمیت ضلع چاغی بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی افغان مہاجرین کی یلغار اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف شہید حمید چوک دالبندین پر ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا جس سے نیشنل پارٹی کے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر سردار رفیق شیر بلوچ ضلعی صدر میر عاطف بلوچ مرکزی کونسلر طارق سنجرانی ضلعی رابطہ سیکرٹری محمد بخش بلوچ تحصیل دالبندین کے صدر ظفر بلوچ مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن کریم ساسولی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دالبندین سمیت پورے ضلع میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ملک کے دیگر شہروں میں اگر کسی چیز کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوتا ہے مگر دالبندین میں اس چیز کی قیمت میں 100 روپے اضافہ ہوتا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا اب پرائس کنٹرول کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کے بس سے باہر ہوچکی ہے دالیں سبزی گوشت غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں پرائس کنٹرول کمیٹی محض سوشل میڈیا کی حد تک محدود ہوچکا ہے بازار میں گشت کرنے اور فوٹو لینے سے ہر گز مہنگائی کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا عملی اقدامات کی ضرورت ہے مقررین نے کہا کہ ایک مخصوص مافیا چینی آٹا چاول اور دوسری چیزوں کی قیمتوں کو بڑھا رہا ہے انتظامیہ مخصوص ٹولے کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے اسی طرح سبزی فروشی پر افغان مہاجرین نے قبضہ جمایا ہوا ہے جو کہ ہر روز اپنا الگ نرخنامہ ترتیب دیتے ہیں انتظامیہ نے تو افغان مہاجرین کو مہنگائی کرنے اشیا خوردونوش کی اسمگلنگ کرنے کی مکمل چھوٹ دی ہوئی ہے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں کے حساب سے ٹرکیں اور مال بردار گاڑیاں چینی آٹا ذرعی کھاد اور دیگر چیزیں افغانستان اسمگل ہوتی ہیں جو کہ سب کے سب انتظامیہ کے ناک کے نیچے ہورہا ہے اس لئے یہاں کے مقامی لوگ مہنگائی کے تلے دبے ہوئے ہیں اشیا خوردونوش کی مصنوعی قلت کے پیچھے افغان مہاجرین اور مقامی بااثر ذخیرہ اندورز تاجروں کا ہاتھ ہے اس لئے افغان مہاجرین کے روزگار اسمگلنگ اور آبادکاری کو کنٹرول کر دیا جائے مقررین نے نام نہاد پرائس کنٹرول کمیٹی کے خاتمے اور نئی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا مقررین نے سرحدی شہر تفتان میں دو طرفہ کاروباری مرکز بازارچہ کی عرصہ دراز سے بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے علاقے کے تاجر برادری سمیت سینکڑوں مزدوروں کی حق تلفی ہورہی ہے اس لئے تفتان بازارچہ کو جلد از جلد کھولنے اور وہاں پر تاجر برادری اور مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے انہوں نے ضلع چاغی میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اس دوران شرکا نے بڑھتی ہوئی مہنگائی انتظامیہ کی لاپرواہی اور غفلت سمیت پرائس کنٹرول کمیٹی کی ناکامی کے متعلق زبردست نعرے بازی کی اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ غلام اللہ بلوچ نے سر انجام دینے۔