کچلاک چیک پوسٹ پر عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے کچلاک پھاٹک کے مقام پر ایف سی کی چیک پوسٹ ، ناکے پر عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ ترک کیا جائے اور آئی جی ایف سی سے مذکورہ چیک پوسٹ /ناکے کوختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے معزز شہریوں ، ملازمین ، زمینداروں ، تاجروں ، ٹرانسپورٹروں ، طلبائ، مریضوں سمیت تمام عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائیں کیونکہ اس چیک پوسٹ /ناکے پر ان عوام کی کی تضحیک کی جاتی ہے ،غیر آئینی ،غیر قانونی طور پر گھنٹوں گھنٹوں چیکنگ کے باعث ٹریفک جام ، خواتین ، بچے ، طلباء، مریض ، مسافر تمام عوام ذہنی کوفت کا شکار بن رہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی کی مذکورہ چیک پوسٹ /ناکہ لگانے کا یہاں کوئی جواز نہیں بنتا مین بازار پھاٹک پرگاڑیوں کی تلاشیاں لینے ، شہریوں کو تنگ کرنے کے باعث اس قسم کے عوام دشمن اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایف سی کے اس چیک پوسٹ کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور اس سمیت ہر چیک پوسٹ پر عوام کو غیر آئینی ، غیر قانونی طو رپر تنگ کرنیوالے اہلکاروں کے ناروا اقدام کا نوٹس لیا جائے ۔


