کھانسی کے شربت سے بچوں کی ہلاکتیں، اتر پردیش میں بھارتی دوا ساز کمپنی کا لائسنس منسوخ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ازبکستان میں کھانسی کا شربت استعمال کرنے کے باعث 18 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر بھارتی دوا ساز کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا گیا۔ رواں برس جنوری کے مہینے میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن نے بھارتی دوا ساز کمپنی میریئن بائیو ٹیک کے دو کھانسی کے شربت غیر معیاری قرار دیتے ہوئے ان کے استعمال سے خبردار کیا تھا جس کے بعد ازبکستان اور بھارت کی جانب سے کمپنی کی پراڈکشن بند کروا دی گئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ازبکستان میں کھانسے کا شربت استعمال کرنے سے بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر اتر پردیش میں محکمہ صحت کے حکام نے دوا ساز کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اترپردیش کے شہر نوائیڈا میں کمپنی کو کسی بھی قسم کی دوا بنانے سے روک دیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات کے بعد بھیجے گئے نوٹس کا جواب نہ دینے پر کمپنی کا لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی دوا ساز کمپنی میریئن بائیو ٹیک کی جانب سے لائسنس منسوخی کے فیصلے پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں