پہلے مسلم پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اکاٹس نیشنل پارٹی کے نئے سربراہ منتخب

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) برطانیہ میں پاکستانی نژاد حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی (ایس این پی) کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے۔ 37 سالہ حمزہ یوسف اسکاٹ لینڈ کے نئے فرسٹ منسٹر (اسکاٹش حکومت کے سربراہ) ہوں گے اور وہ کسی برطانوی سیاسی جماعت کے پہلے مسلمان اورپاکستانی نژاد لیڈر ہوں گے۔ حمزہ یوسف گلاسگو کے علاقے پولک سے رکن اسکاٹش پارلیمنٹ ہیں۔ حمزہ یوسف کو ایس ایم پی لیڈر شپ انتخابات کے دوسرے راﺅنڈ میں 52.1 فیصد ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل کیٹ فوربز 47.9 فیصد ووٹ حاصل کرسکیں۔ حمزہ یوسف اسکاٹش پارلیمنٹ سے منگل کو اعتماد کا ووٹ لیں گے اور وہ فرسٹ منسٹر (اسکاٹش حکومت کے سربراہ) ہوں گے۔ حمزہ یوسف کا اعتماد کا ووٹ لینا رسمی کارروائی ہے، وہ اسکاٹ لینڈ کے وزیرصحت کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں اسکاٹش پارلیمنٹ کا کم عمرترین رکن ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ حمزہ یوسف پہلی بار 2011ءمیں 26 سال کی عمر میں اسکاٹش پارلیمنٹ کے رکن بنے، وہ اسکاٹش کابینہ میں وزیر ٹرانسپورٹ، وزیر انصاف بھی رہ چکے ہیں۔ حمزہ یوسف کے والد مظفر یوسف کا تعلق پاکستان کے قصبے میاں چنوں سے ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں رشی سونک کنزر ویٹیو پارٹی کے سربراہ منتخب ہوئے تھے اور وہ پہلے ایشیائی نژاد برطانوی وزیراعظم ہیں، ان کے آباﺅ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں