بلوچستان میں غیر متوقع سردی کی لہر سے گیس کی مانگ میں اضافہ ہوا، گیس کمپنی ترجمان

کوئٹہ:بلوچستان میں سوئی گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں غیر متوقع سردی کی لہر سے گیس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جسکی وجہ سے ماہ صیام کے ابتدائی تین دنوں میں شہریوں کو مشکلات درپیش رہیں اور سحر و افطار کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلوچستان میں لوڈ منیجمنٹ کی جا رہی ہے بہت جلد صورتحال بہتر ہو جائیگی تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں گیس پریشر میں مسلسل کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صوبے میں جاری بارشوں نے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا جبکہ شہری گیس نہ ہونے کے باعث دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے رابطہ کرنے پر سوئی سدر ن گیس کمپنی کے ترجمان سلمان صدیقی نے بتایا کہ بلوچستان میں غیر متوقع سردی کی لہر سے گیس کی مانگ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے ابتدائی تین دنوں کے دوران شہریوں کو مشکلات درپیش رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی البتہ سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی مناسب سپلائی کے لئے آف پیک آورز یعنی صبح 8سے دوپہر اڑھائی بجے تک لوڈ مینجمنٹ کے تحت گیس پریشر میں کمی کی جاتی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ صوبے میں گیس کی ڈیمانڈ اور سپلائی میں کوئی فرق نہیں ہے صوبے کو ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی جاری ہے۔سوئی گیس نے سردی کی غیر متوقع لہر کے بعد ٹیموں کو تعینات کردیا ہے آئندہ دو روز میں صورتحال میں بہتری نظر آئےگی۔دوسری جانب اسمبلی کے اجلاس میں گیس پریشر کا مسئلہ اٹھایا گیا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل مینجر کو مراسلہ ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعلیٰ بلوچستان بھی صوبے میں گیس پریشر میں کمی پر اظہار برہمی کر چکے ہیں ،تاحال صوبے میں گیس کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی جسکی وجہ سے عوام کی مشکلات آج بھی جوں کی توں ہےں

اپنا تبصرہ بھیجیں