گوادر کی طالبہ بہار طاہرہ خلیل کی اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس میں شرکت

گوادر (انتخاب نیوز) گوادر سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ نے اقوام متحد کی آبی کانفرنس 2023ءمیں شرکت کر کے بلوچستان اور گوادر کی نمائندگی کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمان قمبرانی نے گوادر سے تعلق رکھنے والی طالبہ بہار طاہرہ خلیل کو اقوام متحدہ کی 2023ءواٹر کانفرنس میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے پر شاباش دی ہے۔ بہار خلیل جو چین میں میڈیکل کی طالبہ ہیں نے ایک نوجوان رہنما کے طور پر گوادر اور صوبہ بلوچستان کی نمائندگی کی۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے جی ڈی اے نے طالبہ کو مالی امداد فراہم کی۔ مجیب الرحمان قمبرانی نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ پر لکھا کہ جی ڈی اے کو گوادر سے تعلق رکھنے والی نوجوان خاتون سفیر بہار طاہرہ خلیل کے پانی کے بارے میں اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس میں بلوچستان اور گوادر کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس 2023ءکا اختتام پانی کے عالمی بحرانوں اور پانی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک پیشرفت کے ساتھ ہوا جو مجموعی طور پر پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے لیے ایک ڈیل میکر ہے۔ بہار طاہرہ خلیل ان تقریباً 10,000 شرکا ءمیں سے ایک تھیں جو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز اور آن لائن جمع ہوئے تاکہ پانی کے بحران سے نمٹنے اور سب کے لیے پانی کی مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کی رفتار بڑھایا جا سکے۔گوادر اور صوبے کے دیگر ملحقہ علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ہمیشہ ایک مسئلہ رہی ہے تاہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ 1.2 ایم جی ڈی سمندری پانی کو صاف کرنے کا پلانٹ اپنی تکمیل کے قریب ہے۔ یہ پلانٹ حکومت چین کی گرانٹ سے مکمل کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں