ڈیرہ اللہ یار، رمضان سستا بازار میں دھکم پیل کے باعث 3 خواتین زخمی
جعفر آباد: ڈیرہ اللہ یار میں رمضان سستا بازار کے آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے باعث تین خواتین گر کر زخمی ہوگئیں، بدمزدگی کے بعد رمضان سستا بازار بند کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ رمضان سستا بازار میں آٹے کے حصول کے لیے شہری صبح سویرے ہی سستا بازار پہنچ گئے، مگر آٹا پوائنٹ دیر سے کھلتے ہی مرد و خواتین سمیت بزرگ شہری آٹا پوائنٹ پر امڈ آئے جسکے باعث رش بڑھ گیا، رش کے دوران دھکم پیل سے تین خواتین گر کر زخمی ہوگئیں، سستا بازار کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار بھی خواتین اور بزرگ شہریوں کو دھکے دیتے رہے، بدمزگی کے بعد تاجروں نے مال سمیٹ کر اسٹال بند کر دیئے، جس کی وجہ سے کئی شہری خریداری سے محروم رہ گئے، سستا بازار بند ہونے کے باوجود خواتین اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد آٹا آنے کی امید لگائے خالی سستا بازار میں انتظار کرتے رہے اور کئی گھنٹوں بعد جب آٹا نہ آیا تو شہری مایوس ہو کر خالی ہاتھ گھروں کو واپس لوٹ گئے، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نجیب اللہ ترین نے آٹا پوائنٹ پر بدمزگی کا نوٹس لیتے ہوئے ریونیو افسران کو سختی سے تاکید کی ہے کہ آٹا پوائنٹ پر شہریوں کی قطار لگا کر انہیں احترام کیساتھ آٹا فراہم کیا جائے۔


