بھارت انسانی حقوق کے محافظوں اور مسلمانوں کیخلاف مظالم بند کرے، پاکستان

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان نے بھارت میں مسلمانوں پر جاری پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی براداری انسانی حقوق کی پامالی پربھارت کا احتساب کرے، مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کی ہر فورم پر مدد جاری رکھیں گے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، بھارت انسانی حقوق کے محافظوں اور مسلمانوں کے خلاف مظالم بند کرے۔ بھارت کی 9ریاستوں میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کیے جارہے ہیں۔ بھارت میں 4 ہزار سے زائد اسلامی کتب اور قرآن پاک کو نذرِ آتش کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ او آئی سی کا بھارت میں مسلم مخالف واقعات پر بیان خوش آئند ہے، پاکستان، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے او آئی سی کے مذمتی بیان کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں سول سوسائٹی کو انسانی حقوق کے مسائل کو سامنا ہے، انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو بھارت سے جواب لینا ہوگا، مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ہم مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم کی مذمت اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے حکام کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں۔ترجمان دفترخارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت پرتشددواقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے، ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جو نظر بھی آئیں۔ جبکہ بھارت کشمیرمیں پابندیاں ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔ترجمان نے کہا کہ برطانوی وزیرداخلہ کی پاکستانی مردوں پرہرزہ سرائی افسوسناک ہے، برطانوی وزیر کا بیان خطرناک اور امتیازی ہے، بیان کا مقصد پاکستانیوں کے ساتھ مختلف سلوک برتنا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، پاکستان کے خلاف الزام تراشی کرتے ہوئے بھارتی رہنما اپنے ملک کے سماجی ڈھانچے کو نظر انداز کر دیتے ہیں، بھارتی سماج ہندوتوا کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی قیادت بارے ہرزہ سرائی ان کی بے بسی کا ثبوت ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ سندھ طاس معاہدے پربھارت سے مسلسل روابط جاری ہیں، انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دے دیا ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد کا عزم کیے ہوئے ہے۔پاک ایران سرحد پر فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی حکومتیں اس معاملے پر رابطے ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین کے سرکاری دورے پر ہیں، وزیر منصوبہ بندی چین کی کانفرنس میں شرکت اور اعلی چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے بھارت میں ایس سی او کانفرنس میں ورچوئل شرکت کی جبکہ آمنہ بلوچ کو بیلجیم اور لکسمبرگ کا سفیر تعینات کردیا گیا ہے۔ 26 مارچ کو ڈھاکا میں پاکستانی سفارتخانے نے بنگلا دیش کے قومی دن پر مبارک کا پیغام دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں