سوئی گیس کمپنی کوئٹہ میں بلاتعطل گیس فراہم کرنے میں ناکام، رمضان میں صارفین مشکلات سے دوچار
کوئٹہ(یو این اے ) سوئی سدر ن گیس کمپنی صارفین کو بلاتعطل گیس فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، رمضان المبارک کے مہینے میںگیس پریشرمیں کمی کامسئلہ جاری ، کمپنی کے رویئے سے صارفین اذیت میں مبتلاہوگئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس پریشرمیں کمی کاسلسلہ جاری ہے، سحروافطارکے اوقات میں گیس غائب رہنامعمول بن چکا ہے جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، خواتین کو امورخانہ کی انجام دہی میں مشکلات درپیش ہیں۔ اہلیان قمبرانی روڈ، کلی انارباغ کالونی، ارباب گیٹ نے بتایاکہ سحروافطارمیں گیس غائب ہوجاتا ہے اوراتناپریشرنہیں ہوتا کہ ایک چائنک چائے پکائے، صارفین ایندھن کے متبادل ذرائع استعمال کرنے پرمجبورہیں، دوسری جانب لوگ روٹی اورسالن کیلئے تندوراورہوٹلوں کارخ کررہے ہیں جوسوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، انہوں نے کہا کہ عام دنوں میں ویسے بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی اوروہ خوارہوجاتے ہیں مگرسوئی سدن گیس کمپنی حکام کے رویئے کی وجہ سے رمضان المبارک کے مہینے میں لوگ اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ستم ظریفی کی بات تویہ ہے کہ وزیراعلی بلوچستان اورحکومتی اراکین کے اظہاربرہمی کے باوجودکمپنی حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے، عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ گیس پریشرمیں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے سحری و افطاری کے اوقات میں پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی کے لئے اقدامات کریں۔


