جامعہ بلوچستان کا مالی بحران، صوبائی حکومت 2، مرکزی حکومت 3 ارب کا پیکج دے، بلوچ یکجہتی کونسل
کوئٹہ (آن لائن) جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام 13 اپریل بروز جمعرات بھی پچھلے تین مہینوں کی تنخواہوں کی تاحال عدم ادائیگی، جامعہ بلوچستان سمیت دیگر جامعات کو درپیش سخت مالی و انتظامی بحران کی مستقل حل، بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ 2022ئ کی پالیسی ساز اداروں میں اساتذہ، آفیسران، ملازمین اور طلبا وطالبات کی منتخب نمائندگی، غیر قانونی طور پر مسلط وائس چانسلر کی برطرفی ، آفیسران و ملازمین کی پروموشن، آپ گریڈیشن اور ٹائم سکیل کی فراہمی کے لئے جامعہ بلوچستان میں مکمل تالا بندی اور امتحانات و ٹرانسپورٹ بند رہے اور وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا ہوا۔ دھرنا ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر شاہ علی بگٹی کی صدارت میں ہوا۔ دھرنے سے، پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، نذیر احمد لہڑی، پروفیسر فرید خان، گل جان کاکڑ، فرح ناز مگسی، ڈاکٹر مصطفے شاہوانی، پروفیسر ارسلان شاہ،، سید شاہ بابر، حافظ عبدالقیوم بلوچ اور بلوچ یک جہتی کونسل کی ڈاکٹر ماہ رنگ و ڈاکٹر بیبرگ بلوچ نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ گزر گیا لیکن جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین ابھی تک پچھلے تین مہینوں کی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ ملازمین کے بچوں کو اسکولوں سے نکالا گیا اور عید کی پرمسرت خوشیوں سے محروم رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین اب انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ مقررین نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ جامعہ بلوچستان کو درپیش سخت مالی بحران کا مستقل حل نکال کر صوبائی حکومت فوری طور پر 2 ارب اور مرکزی حکومت 3 ارب روپے کا بیل آﺅٹ پیکیج فراہم کریں اور آنے والے سالانہ بجٹ میں صوبائی حکومت 10 ارب روپے گرانٹس ان ایڈز اور مرکزی حکومت 500 ارب روپے ملک بھر کی جامعات کے لئے مختص کریں۔ مقررین نے غیرقانونی طورپرمسلط وائس چانسلر کو مشورہ دیا کہ وہ جامعہ بلوچستان پر رحم کھا کر جامعہ بلوچستان کو مزید تباہی سے بچائے تاکہ کسی اور اہل پروفیسر کو میرٹ کے مطابق وائس چانسلر تعنیات کیا جاسکے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا کہ بروز جمعہ کو بھی جامعہ بلوچستان میں احتجاجی مظاہرہ ھوگااور جامعہ بلوچستان میں تالا بندی ،امتحانات اور ٹرانسپورٹ نہیں چلایا جائے گا۔


