کوئٹہ،نان رجسٹرڈ بناسپتی گھی کی فیکٹری پر چھاپہ،گودام سیل

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے جعل سازی کا ایک اور دھندہ بے نقاب کردیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور ایف آئی اے کی مشترکہ کارروائی کے نتیجہ میں سبزل روڈ کوئٹہ میں واقع بناسپتی گھی کی غیر قانونی فیکٹری پکڑی گئی۔ فیکٹری میں ناقص اسمگل شدہ گھی کی لوکل پیکنگ کر کے اوپن مارکیٹ میں فروخت و سپلائی کیا جارہا تھا۔ نان رجسٹرڈ اور غیر لائسنس یافتہ فیکٹری میں لکی زین بناسپتی نامی گھی کی فلنگ و پیکنگ کی جارہی تھی جس کے خلاف خفیہ اطلاع پر ایف آئی اے حکام کے ہمراہ کارروائی کی گئی ۔قوانین کی خلاف ورزی پر مذکورہ فیکٹری اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع گودام کو فوری طور پر سیل کردیا گیا جبکہ فیکٹری اور گودام سے برآمد شدہ غیر قانونی بناسپتی گھی کے سیکڑوں بھرے ہوئے اور خالی ڈبے ، فلنگ و پیکنگ میٹریل اور مشینری ضبط کرلی گئی ۔ ڈی جی بلوچستان فوڈاتھارٹی محمد نعیم بازئی کے مطابق گھی کے سیمپل تفصیلی لیبارٹری تجزیہ کیلئے بھجوا دئیے گئے ہیں جس کے نتائج آنے پر ذمہ داران کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق جعلی و غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی تیاری اور فروخت کسی صورت قابل قبول نہیں ، ذاتی فائدے کیلئے شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے مسلسل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ریڈار پر ہیں ، عوام سے بھی گزارش ہے کہ ملاوٹ و جعل ساز مافیا کی حوصلہ شکنی اور صحت دشمن عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت اور بھرپور قانونی کارروائیاں کی جا سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں