سرکاری محکموں کی کارکردگی صفر، پولیس پروٹوکول میں تیل بردار گاڑیوں کو گزارا جاتا ہے، اراکین بلوچستان اسمبلی

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی طرح بلوچستان اسمبلی کے اراکین کو بھی ان کیمرہ بریفنگ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور بلوچستان میں رمضان راشن پیکج کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے زیادہ حصہ دیا جائے اگر پی ڈی ایم اے صحیح کام نہیں کررہا تو اِسکو ختم کرنا چاہئے اراکین اسمبلی نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے ان کیمرہ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی کو امن و امان سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے انہوں نے تجویز دی کہ جس طرح قومی اسمبلی کے ارکان کو بریفنگ دی جاتی ہے اسی طرح صوبائی اسمبلی کے اراکین کو بھی بریفنگ دی جائے انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف مسلح افواج کے سربراہان اور منتخب عوامی نمائندوں میں تعارف ہوگا بلکہ اراکین اسمبلی اپنی تجاویز بھی پیش کرسکیں گے انہوں نے یہ سلسلہ چاروں صوبوں میں ہونا چاےئے۔انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سے استدعا کی کہ وہ اس حوالے سے ایک لیٹر لکھیں کہ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو بھی ان کیمرہ بریفنگ کا اہتمام کیا جائے ، رکن صوبائی اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی نے سردار عبدالرحمن کھیتران کی موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آرمی چیف نہیں اسکتے توکمانڈر سدرن کمانڈ دو نوں آئی جیز ایف سی کو ایوان کو بریفنگ دینی چاہیے۔ نقطہ اعتراض پر میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کمزور ہورہی ہے بجٹ میں محکمانہ منصوبے شامل کئے جائیں انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اراکین کو بھی چاہیے کہ آنے والی پی ایس ڈی پی میں سرکاری محکموں کے منصوبوں پر توجہ دیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں جب بھی امدادی سرگرمیاں کرنی ہوتی ہیں یا ریلیف اور خوراک تقسیم کرنا ہوتا ہے تو پی ڈی ایم اے ایک دلکش پریس کانفرنس کرکے لوگوں کی توجہ حاصل کرنا چاہتی ہے مگر حقیقت سے اس کا دور تک تعلق نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی آبادی تین لاکھ نفوس پر مشتمل ہے وہاں کی گنجان آبادی کے لیے محض پانچ سو راشن کے پیکٹ بھیجیں گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اس محکمے کو ختم کیا جائے اگر یہ کوئی کرپشن کا ذریعہ ہے تو کسی اور طریقے سے کیا جائے سیلاب سے متاثرہ لوگ مشکل حالات سے دوچار ہیں محکمہ خوراک نے اضلاع کے اندر دفعہ 144لگائی ہے اگر کوئی کسی رکشے میں بھی گندم لے جاتا ہے تو اسے بھی روک دیا جاتا ہے اور پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے میرے علاقے سے پولیس پروٹوکول میں تیل بردار گاڑیوں کو گزار رہی ہے ہماری سڑکوں میں اتنی سکت نہیں کہ ان پر سے بڑے ٹرکوں کو گزارا جائے انہوں نے استدعا کی کہ ان گاڑیوں کی گزرگاہ کو وہاں سے روکا جائے بجٹ میں سارا فنڈ ایم پی ایز کو دینے سے محکمے کمزور ہورہے ہیں،بڑی اسکیموں کو محکموں کے ذریعے کرایاجائے تو محکموں کی کار کردگی بہتر ہوگی ، رمضان راشن پیکج میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو زیادہ حصہ دیا جائے۔صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات سردار عبدالرحمن کھیترا ن نے رکن اسمبلی میر سلیم کھوسہ کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ اس کے جواب میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی فنڈز دے رہے ہیں ورنہ ماضی میںتو اپوزیشن پر بکتر بند گاڑی چڑھائی گئی ،،رمضان راشن پیکج سیلاب متاثرین کے مقابلے میں اونٹ کے منہ زیرہ دینے کے مترادف ہے ،تاہم ہماری کوشش ہے کہ مستحقین کو ریلیف دیا جائے ،،صوبائی وزیر سردار کھیتران نے انکشاف کیا کہ صوبائی کوآرڈینیٹر بغیر تنخواہ اور بغیر گاڑیوں کے کام کررہے ہیں سردار عبدالرحمن کھیتران ابھی جواب دے رہے تھے کہ عارف جان محمد حسنی کی مداخلت پر انہوںنے کورم کی نشاندہی کی جس پر کورم پورا کرنے کے لئے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے گورنربلوچستان کا حکمانہ پڑھ کر سناتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں