پردیسی عید کیلئے آبائی علاقوں کو روانہ،ٹرانسپورٹر ز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا
کوئٹہ(یو این اے)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے پردیسیوں نے عید کی خوشیاں اپنوں کے ساتھ منانے جانے کیلئے بڑی تعداد میں جمعہ کے روزبھی بس اڈوں کا رخ کر لیا،بے پناہ رش کی وجہ سے پردیسیوں کو ٹرینوں اور بسوں کے ٹکٹس کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے،مسافروں نے اپنے طور پرکاریں،ویگنیں اور دیگر گاڑیاں کرائے پرحاصل کرکیاپنے اپنے علاقوں کی جانب روانگی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے،تفصیلات کے مطابق روزگار اور تعلیم کے حصول کیلئے دوسرے شہروں سے آنے والے پردیسیوں کاعید الفطر کی خوشیاں اپنے پیاروں کیساتھ منانے کیلئے آبائی علاقوں کو واپسی کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا،حکومتی اقدامات کے باوجود ٹرانسپورٹرز کی طرف سے زائد کرائے وصولی کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔خوشی کے موقع پر آبائی گھر جانے والے مسافر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے کرایوں میں اضافے کے باعث پریشان بھی نظر آتے ہیں۔شہری اپنے پیاروں کے درمیان عید منانے کے لیے آبائی گھروں کو روانہ ہوتے وقت خوشی سے نہال ہیں، لیکن شدید ترین مہنگائی کی وجہ سے ان کے ماتھے پر پریشانی کے آثار بھی نمایاں طور پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔اپنوں کے بغیر بھی کوئی خوشی کیا خوشی ہوتی ہے لوگوں کا رش اس بات کا ثبوت ہے کہ جب تک اپنے پاس نہ ہوں عید بھی مکمل نہیں ہوتی۔


