خلوص نیت سے افغان امن عمل میں کردار ادا کیا، شاہ محمود

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کاکہنا ہے کہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار ادا کیا جسے آج دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔حال ہی میں تعینات ہونیوالے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق کو وزیر خارجہ نے خصوصی ایلچی برائے افغانستان تقرری پر مبارکباد اور خصوصی ہدایات دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سفارت کار کی اس اہم منصب پر تعیناتی سے پاک افغان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں