بلوچستان میں تاریخ کی بدترین حکومت اور اتحادی نما اپوزیشن عوام پر مسلط ہیں، مولانا ہدایت الرحمان
گوادر (این این آئی) حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تاریخ کے بدترین حکومت اور اتحادی نما اپوزیشن عوام پر مسلط ہیں، چیف سیکرٹری بلوچستان بیرون ملک سیرسپاٹے میں مصروف ہے جبکہ اداروں میں بدنظمی عروج پر ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پر تاریخ کے بدترین حکومت اور بدترین اتحادی نما اپوزیشن مسلط کردیئے گئے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کی زندگی انتہائی تکلیف دہ بنادی گئی. سب کو اپنے کمیشن اور خصوصی فنڈ کی فکر ہے عوام کی فکر کسی کو بھی نہیں جبکہ دوسری جانب تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی شعبے انتہائی زبوں حالی کا شکار ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔مولانا نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان ایک عرصے سے بیرون ملک سیر سپاٹے میں مشغول ہیں اور صوبے کے تمام اداروں میں بدنظمی عروج پر ہے اور عوام کی داد رسی نہ ہونے کے برابر ہے، یہ تمام صورتحال دراصل بلوچستان کے عوام بدترین ظلم کی نشانی ہے اور اس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔مولانا نے واضح طور پر کہا کہ حق دو تحریک، عوام کو مایوسی سے نکال کر مزاحمتی شعور دے گا اور ظلم کے خلاف جمہوری جدوجہد میں حصہ دار بنائے گا اس لئے میں تمام بلوچستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ان مظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دیں اور حق دو تحریک کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں۔


