19 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد اعزاز کی بات ہے، مشعل 14 مئی کو کوئٹہ لائی جائےگی، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیزعقیلی نے کہا ہے کہ صوبے میں 19 سال کے بعد نیشنل گیمز کا انعقاد اعزاز کی بات ہے ،بلوچستان ایک پرامن صوبہ ہے یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں کوشش کریں گے کہ دوسرے صوبوں سے آئی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو 34ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ چیف سیکر ٹری بلو چستان عبد العزیزعقیلی نے کہا کہ صوبے میں 19 سال کے بعد کوئٹہ میں 34 ویں نیشنل گیمز منعقد کئے جارہے ہیںکوئٹہ میں نیشنل گیمز کا انعقاد صوبے کے لئے اعزاز کی بات ہے کھیلوں کا میلہ سجانے کی تیاریاں تقریباً مکمل ہیں۔ سیکرٹری اسپورٹس اسحاق جمالی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 34ویں قومی کھیل 2023 کی اولمپک مشعل کے سفر کا آغاز کراچی سے ہوگیامشعل کو 8 مئی کو پشاور 9 اور 10 مئی کو اسلام آباد جبکہ 11 مئی مظفرآباد، 12 مئی کو لاہور لے جایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ14 مئی کو اولمپک مشعل نیشنل گیمز کے میزبان شہر کوئٹہ لائی جائے گی نیشنل گیمز کیلئے کھیلوں کا سامان آج شام تک پہنچ جائے گا مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رہے، تمام وینیوز پر تزئین و آرائش کا کام بھی تیزی سے جاری ہے فٹبال گراﺅنڈ، پی ایس بی جمنازیم، ٹیبل ٹینس ہال، تھروبال گراﺅنڈ سمیت تمام وینیوز کے دورے کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ نیشنل گیمز کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ کھیل کے ساتھ کھیلوں سے وابستہ تمام ایسوسی ایشنز کے عہدیدار بھرپور تعاون کریں، بلوچستان ایک پرامن صوبہ ہے یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں کوشش کریں گے کہ دوسرے صوبوں سے آئی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام کھیلوں کے مقابلوں کے دوران ٹیموں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جائے سیکورٹی کیلئے بہترین انتظامات کو ممکن بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں