بلوچستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 6ہزار تک پہنچ گئی
کوئٹہ:صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان کے پراونشل منیجر ڈاکٹر افضل خان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایچ آئی وی ایڈز اور کرونا وائرس دونوں کے روک تھام کے لئے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے اس مہم میں علماء کرام بہت اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، صوبے میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 6ہزار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو مذہبی اسکالر ڈاکٹر عطاء الرحمن کے دینی مدرسے میں علماء و مشائخ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں جید علماء کرام مشائخ اور دینی اسکالرز کے علاوہ سول سوسائٹی اور محکمہ صحت کے حکام و عملے نے شرکت کی۔ڈاکٹر افضل زرکون نے کہا کہ آج کے منعقدہ سیمینار کا بنیادی مقصد ایچ آئی وی ایڈز اور کورونا وائرس سے بچاو میں علماء کرام کے کردارکی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے مذہبی حلقے ان بیماریوں کی روک تھام میں سب سے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایڈز کنٹرول پروگرام نے عوام الناس میں شعور وآگاہی پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے نشستوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا ہے ڈاکٹر افضل زرکون نے کہا کہ ایڈز آج بھی بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ مہلک مرض رکنے کی بجائے بڑھ رہی ہے جس کی وجہ لوگوں میں اس مرض سے متعلق معلومات نہیں ہیں آج بھی لوگ اس مرض کو صرف اور صرف جنسی تعلقات کی وجہ قرار دے رہے ہیں جبکہ ایسا نہیں بلکہ جنسی تعلق دیگر وجوہات کی طرح ایک وجہ ہے ایڈز پھیلنے میں سرنج کے ذریعے نشہ لینا ڈینٹل کلینکس میں استعمال ہونے والے آلات کسی مریض کو جو خون دیا جاتا ہے اس کا ٹیسٹ نہ ھونا اور جنسی بے راروی شامل ہے اس وقت بلوچستان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق ایڈز کے مریضوں کی تعداد چھ ہزار سے زیادہ ہے مگر ایڈز میں ملوث لوگ اپنے آپ کو خوف اور رسوائی کی وجہ سے ظاھر نہیں کر رہے ہیں اب تک ایڈز کنٹرول پروگرام کے پاس کوئٹہ میں 1100 اور تربت ریجن میں 320 ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں علماء سیمینار سے خطاب کرتے ھوئے محکمہ صحت بلوچستان کے میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر نعیم زرکون ڈاکٹر عطاء الرحمن قاری انوارالحق حقانی اور دیگر نے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ ہم نے بیماریوں کا مقابلہ کرنا ہے تاہم مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ لوگوں میں ایڈز اور کرونا وائرس سے متعلق شعور و آگاہی پہلے پیدا کی جائے آج لوگ نہ جانتے ہوئے ان میں مبتلا ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم ہر قسم کی مہلک بیماریوں سے بچ سکتے ہیں اور اس سلسلے میں علماء کرام کا رول بہت اہم ہے کہ وہ لوگوں کو ایڈز اور کرونا سے بچاو کے تدابیر بتائیں تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان مہلک بیماریوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے بلکہ تمام طبقات کو ملکر اس کا مقابلہ کرنا چائیے۔