چین کے کامیڈین کو فوج سے متعلق چٹکلہ مہنگا پڑ گیا، 21 لاکھ ڈالر جرمانہ

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے اسٹینڈ اپ کامیڈین کو ایک شو کے دوران فوج سے متعلق ایک چٹکلہ سنانے پر 14.7 ملین یوآن (تقریباً21 لاکھ ڈالرز) جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ چینی حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شنگھائی شیاگو کلچر میڈیا کمپنی اور کامیڈین لی ہاو¿شی نے چینی فوج کا مذاق اڑایا ہے، کمپنی نے جرمانہ قبول کرتے ہوئے کامیڈین کا کانٹریکٹ منسوخ کر دیا ہے۔ چینی کامیڈین لی ہاو¿شی نے بیجنگ میں پرفارم کرتے ہوئے اپنے دو کتوں کی مثال دیتے ہوئے ایک چٹکلہ سنایا تھا جس میں انہوں نے چین کی پیپلز آرمی کے ایک نعرے کا استعمال کیا تھا، جو 2013 میں چینی صدر شی جن پنگ نے متعارف کروایا تھا۔ انہوں نے چٹکلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے دو پالتو کتے ایک گلہری کا پیچھا کر رہے تھے، آپ اس وقت انہیں دیکھتے تو کہتے ہائے کتنے پیارے ہیں، لیکن مجھے ان دو کتوں کو دیکھ کر صرف ایک بات ہی بات یاد آتی ہے کہ ’لڑو! جیتنے کیلئے اور مثالی طرز عمل قائم کرو (Fight to win, forge exemplary conduct)‘۔ ٹوئٹر طرز کی چینی سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ویبو پر جاری ایک آڈیو کلپ میں اس چٹکلے پر تماشائیوں کو قہقہے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے تاہم انٹرنیٹ پر اسے سننے کے بعد ایک شخص نے چینی حکام کو اس کی شکایت کر دی اور بیجنگ حکام نے اس پر تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ معاملے کی تحقیقات کے بعد حکام نے 1.32 ملین یوآن غیرقانونی آمدنی کا پتہ لگایا اور کمپنی پر مزید 13.35 ملین یوآن جرمانہ عائد کر دیا، ساتھ ہی شنگھائی شیاگو میڈیا کمپنی پر چینی دارالخلافہ میں کسی بھی قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردیے۔ چین کی وزارت ثقافت و سیاحت کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی شخص یا ادارے کو چین کے دارالخلافہ میں بیٹھ کر چین کے پیپلز لبریشن آرمی کی تضحیک کرنے کی اجازت کبھی نہیں دے سکتے۔ دوسری جانب اسٹینڈ اپ کامیڈین لی ہاو¿شی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ویبو پر اپنے 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد فالورز سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ میں بہت شرمسار ہوں اور آئندہ پوری ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا، فی الحال سب کچھ روک کر، نئے سرے سے سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں