افغان صوبہ غور میں سیلاب نے تباہی مچا دی، 4 خواتین اور بچہ ریلے میں بہہ گئے
کابل: افغانستان کے صوبہ غور میں 4 خواتین اور ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے غور کے شہر فیروزکوہ میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث دریاوں میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ سیلاب میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ 4 ہزار افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے جنھیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ موسم کی خرابی اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ افغانستان میں 2021 کے بعد سے مرکزی بینک اور عالمی فنڈز منجمد ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف آپریشن میں فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں بھی سیلاب اور شدید بارشوں سے ننگرہار میں چار بچے جاں بحق، 25 افراد زخمی اور 300 مکانات تباہ ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ اپریل 2023 میں آنے والے سیلاب اور زلزلوں کی وجہ سے ملک کے 31 صوبوں میں کم از کم 29 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔۔


