نئی دہلی، بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح، اپوزیشن کا بائیکاٹ، تابوت جیسا قرار دیدیا
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپوزیشن جماعتوں کے بائیکاٹ اور سخت تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے نئی دلی میں بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کا کانگریس سمیت اپوزیشن کی 19 جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کا مو¿قف تھا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح صدر مملکت کو کرنا چاہیے۔ کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ ایک آدمی کے تکبر اور اپنی تشہیر کی خواہش نے ملک کی پہلی خاتون قبائلی صدر دروپدی مرمو سے پارلیمنٹ کا افتتاح کرنے کا شرف بھی چھین لیا ہے۔ دوسری جانب متنازع طریقے سے افتتاح کی گئی بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو تابوت جیسا قرار دے دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس سمیت 19 اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کے افتتاح کا بائیکاٹ کیا۔ اپوزیشن جماعت راشٹریا جنتا دل نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو تابوت جیسا قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق راشٹریا جنتا دل کی تابوت اور پارلیمنٹ کی عمارت کی تصویر وائرل ہوگئی۔ کانگریس کے رہنما کے مطابق پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح صدر دروپدی مرمو کو کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اپنی تشہیر کےلیے پارلیمنٹ کی عمارت کا افتتاح صدر کو نہیں کرنے دیا۔


