سعودی عرب کی کل آبادی 3 کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کرگئی، سعودی محکمہ شماریات

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی کل آبادی 3 کروڑ 21 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ سعودی محکمہ شماریات نے 2022ءتک کی آبادی کے اعداد و شمار کا اعلان کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں سعودی شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ ہے جبکہ باقی غیر ملکی تارکین وطن ہیں۔ سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں مردوں کی تعداد ایک کروڑ 97 لاکھ جبکہ خواتین کی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ ہے۔ محکمہ شماریات کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دارالحکومت ریاض سعودی عرب کاسب سے بڑا شہر ہے، جدہ دوسرا، مکہ تیسرا، مدینہ چوتھا اور دمام آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا شہر ہے۔ 2010 کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی 2 کروڑ 40 لاکھ تھی، 2010ءسے 2022ءتک سعودی عرب میں آبادی کی سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد رہی۔ محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی 63 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔ کورونا وبا اور سعودی حکومت کی جانب سے ٹیکسز نافذ کیے جانے کی وجہ سے 2020ءمیں تقریباً 10 لاکھ تارکین وطن سعودی عرب چھوڑ گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں