اتحادی حکومت کیلئے سب سے پہلے پاکستان کے مفادات ہیں ،اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،آغا حسن بلوچ
اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور اداروں کیساتھ کھڑی ہے، اتحادی حکومت کے لئے سب سے پہلے پاکستان کے مفادات ہیں، وہ لوگ معاشرے کے سب سے خطرناک لوگ ہوتے ہیں جو ذاتی مفادات کو ریاست کے مفادات سے بلند خیال کرتے ہیں اور ذاتی مفادات کے حصول کے لئے ریاست کو منتشر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے ان خیالات کا اظہار وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں منعقدہ جرنلسٹ فاونڈیشن کے زیر انتظام پلرز آف پاکستان ایوارڈز 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح سازی و مظلوم کی آواز کو تقویت دینے میں صحافتی برادری ملک میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ جمہوریت کے فروغ کے لئے صحافتی طبقے کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کی جبکہ پی ڈی ایم حکومت آزادانہ صحافتی اقدار پر یقین رکھتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی تحفظ سے آزاد صحافت پروان پاتی ہے، وہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا مالکان سے گزارش کرتے ہیں کہ صحافیوں کے لئے ایسی معاشی پالیسیاں وضع کی جائیں جن سے صحافیوں کا مستقبل اور انکے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے الخدمت فاونڈیشن پاکستان، قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات اور سابق ڈائریکٹر سپورٹس واہ کینٹ محمد توفیق کو انکی خدمات کے صلے میں پلرز آف پاکستان ایوارڈ 2023 سے نوازہ۔ قبل ازیں مرکزی صدر جرنلسٹ فاونڈیس ذوالفقار ملک، جنرل سیکرٹری رفاقت حسین اور جنرل (ر) عبدالقیوم ملک نے تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں سیاسی، سماجی صحافتی و ادب کے شعبوں سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی


