کراچی ، لاپتہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس بی سی اے کی تشدد زدہ نعش برآمد

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں سہراب گوٹھ پر واقع سرد خانے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی تشدد زدہ نعش ملی ہے، مقتول اظہر حسین 2 روز سے لاپتہ تھے۔ مقتول کی نعش سرد خانے میں رکھوا کر جانے والے شخص کا موبائل فون نمبر بند جا رہا ہے، اظہر حسین کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، نعش کو ورثا نے شناخت کر لیا۔ ایدھی حکام کے مطابق تشدد زدہ نعش سول اسپتال سے ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی تھی۔ اظہر حسین کی نعش طاہر وہاب کے نام سے ایدھی سرد خانے میں رکھوائی گئی تھی۔ نعش رکھوانے والے شخص نے اپنا نام مہتاب بتایا اور موبائل فون نمبر بھی لکھوایا۔ مقتول اظہر حسین کے جسم پر بد ترین تشدد کے نشانات ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ اظہر حسین کو پھندا لگا کر قتل کیا گیا، مقتول کی گردن ٹوٹی ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول 2 روز سے لاپتہ تھے، 4 جون کو ان کی تشدد زدہ نعش ایدھی سرد خانے لائی گئی، شناخت اظہر حسین کے نام سے ہوئی، جو شخص سرد خانے نعش لایا اس کا نمبر مستقل بند جا رہا ہے۔ اظہر حسین ایس بی سی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات تھے، ان کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے تھا۔ مقتول الفلاح کے انعم ہاؤس کے رہائشی تھے، جنہوں نے 2شادیاں کر رکھی تھیں،3 بچے ان کے سوگواران میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں