نئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کو غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں، اصل میں ان کی اسلام آباد والی حکومت بھی خطرے میں ہے، ان کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے، یہ گنتی پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی، ان کے اپنے لوگوں نے شروع کروائی۔آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی تو ہوتی رہتی ہے، اصل لڑائی کچھ اور ہے، ن لیگ کا ایک خاص حصہ وزیراعظم کو اتحادیوں سے لڑوانا چاہتا ہے، اصل لڑائی تو اسلام آباد اور لاہور کی ہورہی ہے یہ ان کے خاندان کا اپنا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نظام ناکام نہیں ناکام کروایا گیا ہے، جب تک عوام کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے تب تک سسٹم نہیں چل پائے گا، جب تک مانیں گے نہیں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے یہ نظام ایسے ہی چلتا رہے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبے بنانا اگر عوام کا فیصلہ ہے تو پیپلزپارٹی ساتھ دے گی، نئے صوبے بنانا عوام کا فیصلہ نہیں تو پیپلز پارٹی ساتھ نہیں دے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں اتنا مشکل وقت نہیں آیا جتنا آج ہے، کبھی نہیں دیکھا کہ پچاس، پچاس دن انٹرنیٹ اور سڑکیں بند ہوں، مشکل وقت ان کے لیے ہے جو کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور معمولات زندگی کی بحالی چاہتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جا سکتا ہے، آزاد کشمیر اسمبلی نے بھی سچائی اور مفاہمتی کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور کی، کمیشن کے قیام تک احتجاج کرنے والے احتجاج اور کارروائی کرنے والے کارروائیاں بند کریں۔


