انصاف کاجھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے، قید تنہائی میں رہ کر سوچنے کا وقت ملا، شاہ محمود قریشی

راولپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کہا ہے کہ کارکنان کو کہنا چاہتا ہوں کہ انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کو کہنا چاہتا ہوں کہ انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں کل عمران خان سے ملاقات کروں گا، جب قید تنہائی میں ہوتے ہیں تو چیزوں پر سوچنے کا موقع ملتا ہے، ایک ماہ قید تہنائی میں رہ کر سوچنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے ملاقات میں کچھ چیزیں سامنے رکھوں گا، قیدِ تنہائی میں ہمت سے وقت گزارنے کا حوصلہ ملا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک جیل میں قیدی عوام کو کیسے اکسا سکتا ہے، ہم نے تھری ایم پی او کو چیلنج کیا، میں عدلیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ایم پی او کالعدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کا سنا تو کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوا اور اس وقت میری اہلیہ ہسپتال میں داخل تھیں، اہل خانہ نے حوصلہ دیا کہ ہماری وجہ سے کسی دباﺅ میں نہ آنا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان سے کہنا چاہتا ہوں کہ حوصلہ رکھیں امتحان کا وقت ہے۔ قبل ازیں عدالتی حکم پر تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کردیا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی نظربندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو فوری طور پر رہا کرنے کے علاوہ پولیس کو حکم دیا کہ ایم پی او کے تحت انہیں کسی اور کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں